Breaking News

عمران خان نے عدالتی نظام کا تماشا بنایا، لوگوں کو ہائی کورٹ پر حملے کےلیے اکسایا، مریم اورنگزیب


via Samaa - Latest News

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے آئین، قانون اور عدالتی نظام کا تماشا بنایا اور لوگوں کو ہائی کورٹ پر حملے کے لئے اکسایا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج عوام ٹی وی سکرینز پر پاکستان کے آئین، قانون اور عدالتی نظام کا تماشا دیکھ رہی ہے کہ ایک شخص جس کو عدالت بلا رہی ہے وہ عدالت آنے سے انکاری ہے، یہ شخص پاکستان کی ہر عدالت میں مطلوب ہے جو کبھی ایمبولینس مانگتا ہے اور کبھی وہیل چیئر، کبھی مہلت، یہ شخص مجرم ہے جس کی ضمانت کی پٹیشن پر اس کے اپنے دستخط نہیں ہیں اور یہ مجرم عدالت پر حملہ آور ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کبھی کہا جاتا ہے کہ عمران نیازی زمان پارک سے عدالت نہیں آسکتے اور کبھی کہا جاتا ہے کہ وہ گاڑی سے نکل کر جج کے سامنے پیش نہیں ہو سکتے، جج صاحب اپنے رجسٹرار کو عمران خان صاحب کے پاس بھیج کر دستخطوں کی تصدیق کروا لیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہ سہولت عدالت پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کو بھی فراہم کرے گی؟ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے سوشل میڈیا پر کال دی کہ ہائی کورٹ پر حملہ کر دو، اسے سیشن کورٹ بلائے تو یہ گالی اور دھمکی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جیل بھرو تحریک کے نعرے لگانے والے جعلی دستخطوں کے ذریعے عدالت سے بیل لینے آئے ہوئے ہیں، جب عدالت عمران خان کو طلب کرتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ میں نہیں آئوں گا، جب عمران خان کو مہلت دی جاتی ہے تو یہ پاکستان کے عوام کو عدالت پر حملے کے لئے اکساتا ہے کہ چلو چلو لاہور ہائی کورٹ چلو، یہ قانون اور عدالتی نظام کا تماشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی اپنی حکومت میں انہیں جب نیب کی عدالت میں بلایا جاتا تھا تو کسی وزیر کو نیب کی عدالت میں جانے کی اجازت نہیں تھی، احسن اقبال صاحب کو باہر روک دیا جاتا تھا جو اس وقت وزیر داخلہ تھے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے عدالت کے احاطے میں لوگوں کو عدالت پر حملے کی کال دی، عمران خان کے وکیل نے جج صاحب سے کہا کہ آپ عمران خان کے پاس بندہ بھیج دیں اور دستخط لے لیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سوال کیا کہ کیا کل صبح جن کی پٹیشنیں ہیں، وہ اپنے ساتھ بندے لے آئیں تو انہیں بھی عمران خان والی سہولت فراہم ہوگی؟

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپوزیشن لیڈر تھے، دو مرتبہ انہیں گرفتار کیا گیا، ہر روز وہ عدالت میں پیش ہوتے تھے، انہوں نے عدالتی نظام کا مذاق نہیں اڑایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صدر پاکستان کے دفتر کو بھی سیاسی اکھاڑہ بنا رکھا ہے، جو شخص آج کہہ رہا ہے کہ امریکی سازش نہیں ہوئی تھی، اس شخص نے صدر کو امریکی سازش کا کہہ کر پارلیمنٹ توڑنے کا کہا،عمران خان چاہتا ہے کہ صدر مملکت چیف الیکشن کمشنر بھی بن جائیں، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ بھی۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ جو عدالت اور قانون کی بات نہیں مانتا وہ لاڈلہ ہے اور اس کو یہ سہولت کیوں میسر ہے؟ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ ایک مجرم کو بار بار آوازیں دی جا رہی ہیں، اس کے لئے بار بار کارروائی موخر کی جا رہی ہے مگر وہ عدالت میں پیش ہونے سے انکار کرتا رہا۔ یہ شخص لوگوں کو ہائی کورٹ پر حملہ آور ہونے کے لئے اکسا رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اقتدار کے دوران ریاستی طاقت کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا، آج وہ اس ملک کے قانون و آئین کا تماشا بنا رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

Readmore