کراچی: پراسرار بیماری سے 16 روز میں 18 اموات ہوئیں، محکمہ صحت
کراچی کے ضلع کیماڑی کے علی محمد گوٹھ میں پراسرار بیماری سے 16 روز کے دوران 18 افراد کی موت ہوئی۔ محکمہ صحت سندھ نے ابتدائی رپورٹ پیش کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے ضلع کیماڑی کے علاقے علی محمد گوٹھ میں پراسرار بیماری سے اموات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے الگ الگ رپورٹس طلب کرلیں۔
محکمہ صحت سندھ کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مواچھ گوٹھ کے قریب علی محمد گوٹھ میں گزشتہ 16 روز کے دوران 18 افراد کی ہلاکتیں ہوئیں، جن میں بچے اور بالغ افراد شامل ہیں، یہ اموات 10 جنوری سے 25 جنوری کے درمیان ہوئیں۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مرنے والے تمام افراد کو بخار، گلے میں تکلیف اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، ان علامات کے ظاہر ہونے کے 5 سے 7 دن میں یہ افراد انتقال کرگئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقامی لوگوں کے مطابق 2 دو فیکٹریاں قائم ہونے کے بعد ان کی طبیعت خراب ہوئی اور اموات شروع ہوگئیں۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق ہوا میں کیمیائی اجزاء کے باعث پھیپھڑوں کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے اموات ہوئیں، علاقے میں میڈیکل کیمپ قائم کر کے لوگوں کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع کیماڑی کے علی محمد گوٹھ میں چند روز کے دوران پراسرار بیماری سے 19 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
ہلاکتوں کی اطلاعات ملنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں 3 فیکٹریاں سیل کردیں اور 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
Readmore